ممبئی 27اگست (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )مہاراشٹر کے سانگلی ضلع میں واقع جت میں پاردھی پاڑہ میں گزشتہ رات پولس ٹیم نے چھاپہ مار کر 6 جلیٹن راڈ سمیت بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مادہ، 6 موٹر سائیکل اور دیگر اشیاء سمیت 2 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پولس ٹیم گرفتار شیواجی چوہان اورسنتوش چوہان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ موصولہ معلومات کے مطابق پولس ٹیم نے اتوار کی شب کو یہاں چھاپہ مارا تھا اور رات بھر اس علاقے کے ہر گھر کی تلاشی لی گئی۔ اسی تلاشی کے دوران شیواجی اورسنتوش کے گھر سے جلیٹن راڈ سمیت دھماکہ خیزمادہ برآمد کیا گیاہے۔
یہاں برآمد دھماکہ خیزمادہ کہاں سے لایا گیا، اس دھماکہ خیز مادے کا استعمال کہاں کیا جانے والا تھا، اس معاملے کی تفتیش پولس دونوں مشتبہ ملزمان سے کر رہی ہے۔یہاں چھاپہ کے دوران 150 پولس اہلکاروں کی ٹیم نے حصہ لیا۔